ڈاکٹر حمزہ مدنی حفظہ اللہ کے تاثرات

تقریظ*
الدکتور الاستاذ حافظ حمزہ مدنی حفظہ اللہ
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم، اشھد ان لاالہ الا اللہ واشھد ان محمدا عبدہ ورسولہ اما بعد!
دین کی خدمت بہت بڑی سعادت ہے٬ اللہ تعالی اسی پر قائم دائم رکھے اور آخری سانس تک دین کی سب سے دین کی آبیاری کا کام لیتا رہے۔ جامعہ لاہور الاسلامیہ نصف صدی سے زائد مدت سے دینی، اصلاحی، عملی وتحقیقی میدانوں میں کام کر رہا ہے۔ ہمارے جامعہ کے فیض یافتہ گان الحمد للہ دنیا کے کونے کونے میں دینی خدمات میں مصروف ہیں۔ جامعہ کے فارغ التحصیل کچھ وہ فضلاء/ علمائے کرام جن پر ادارہ کو فخر ہے، ان میں ہمارے باصلاحیت اور فاضل بھائی الشیخ مولانا محمد ابراہیم بن بشیر الحسینوی حفظہ اللہ بھی ہیں۔ موصوف کا زمانہ طالب علمی سے ہی قلم وقرطاس سے گہرا تعلق تھا۔ ابتدائی کلاسز سے ہی میری ان پر خاص توجہ تھی۔ اسی توجہ کے نیتجے میں کمپیوٹر کی تعلیم سکھلائی اور تصنیفی وتحقیقی پراجیکٹس کی طرف بھرپور راہنمائی کی اور آج تک ان سے کئی علمی کام کروائے۔ موصوف نہایت محنتی اور قابل عالم ہیں۔ وہ بالخصوص حدیث وعلوم حدیث میں ما شاء اللہ ید طولی رکھتے ہیں۔ جہاں وہ بطور مدرس تقریبا چودہ پندرہ سالوں سے دینی علوم وفنون کی تدریس کر رہے ہیں وہیں وہ زمانہ طالب علمی سے لے کر اب تک کئی درجن کتب پر علمی کام بھی کر چکے ہیں۔ ان کی دو درجن سے زائد کتب الحمد للہ مطبوع ہیں، نیز قصور شہر میں وہ اپنی نگرانی میں جامعہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ (بائی پاس) بھی چلا رہے ہیں۔ کثر اللہ امثالھم
اب تک فاضل بھائی نے جو علمی وتحقیقی کام ہمارے زیر اشراف کیے ھیں، وہ درج ذیل ہیں:
۱. تلخیص حجیت حدیث از شیخ محمد ناصر الدین الالبانی رحمہ اللہ
۲. امام طبرانی رحمہ اللہ کے حالات اور ان کی کتب حدیث کا منہج (ماہ نامہ محدث میں مطبوع ہے)
۳: امام دارقطنی رحمہ اللہ کے حالات اور ان کی کتب حدیث کا منہج (ماہنامہ محدث میں مطبوع ہے۔)
٤. ائمہ قراءات جرح و تعدیل کی میزان میں، دو قسط میں، (ششماھی تحقیقی مجلہ رشد قراءات نمبر جلد ٢،٣ میں مطبوع ہے)
۵. پچیس روزہ دورہ اصول حدیث وجرح وتعدیل (مرکز البیت العتیق، رمضان ۲۰۱۷) میں فاضل موصوف نے کروایا، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے علمائے کرام کو مکمل رمضان جرح وتعدیل پر تحقیقی لیکچر دیتے رہے، جو بعد ازاں علمائے کرام میں بے حد مقبول ہوئے۔ اب انہیں لیکچروں پر مشتمل زیر نظر کتاب (جرح وتعدیل کے اصول وضوابط) آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ ارباب مدارس دینیہ سے خصوصی گزارش ہے کہ فاضل موصوف کی اس کتاب کو اپنے مدارس کے نصاب میں شامل کریں ۔
٦. محدث فورم میں موصوف رکن مجلس شوری کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں، وہاں ان کے بیسیوں مضامین مطبوع ہیں۔
۷. اب محترم ہمارے زیر اشراف *مؤسسۃ لخدمۃ صحیح البخاری* کے تحت صحیح البخاری کی کئی ایک اھم غیر مطبوع شروحات پر کام کر رہے ہیں۔ ان کے اساتذہ کرام اور مادر علمی کو واقعتا ان سے بہت سی توقعات ہیں، جنہیں اللہ تعالیٰ پوری فرمائے۔
اللہ تعالی ہمارے بھائی کو صحت وایمان اور علم وعمل سے بھرپور لمبی زندگی سے نوازے، انہیں نظر بد سے بچائے اور والدین، مادر علمی کے منتظمین اور اساتذہ کرام کیلیے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین

راقم:
ڈاکٹر حافظ حمزہ مدنی
ناظم اعلی جامعہ لاہور الاسلامیہ (مرکز البیت العتیق، لاھور)
۱۵ مئی ۲۰۱۵

About the author

ibnebashir

Add Comment

Click here to post a comment